ڈالر بلندی پر، روپے کی بے قدری کا نیا ریکارڈ
پاکستان کی کرنسی روپے کی بے قدری کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے اور ایک ڈالر کی قدر 240 تک پہنچ گئی ہے۔
بدھ کو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک امریکی ڈالر کی قیمت 240 روپے ہونے کے بعد رواں سال مقامی کرنسی کی قدر 30 فیصد سے زائد گر چکی ہے۔
اتحادی حکومت کے پانچ ماہ میں روپے کی قدر میں 58 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق درآمدی بل میں اضافے اور ڈالر کی سمگلنگ کی وجہ سے روپیہ دباؤ میں ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ایک ڈالر کی قیمت 1 روپے اضافے کے بعد 240 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
کاروبار کے ابتدائی اوقات میں روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ دیکھا گیا جو اب تک جاری ہے۔

