پاکستان

خاتون جج کو دھمکی،عمران خان نے معافی مانگ لی

ستمبر 22, 2022

خاتون جج کو دھمکی،عمران خان نے معافی مانگ لی

اسلام آباد ہائیکورٹ میں خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں معافی مانگ لی۔

جمعرات کو چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت شروع ہوئی تو عمران خان نے موقف اپنایا کہ میں معافی مانگتا ہوں اگر میری طرف سے کوئی لائن کراس کی گئی ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں آئندہ کبھی بھی ایسا عمل نہیں ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ میرے بیان سے توہین ہوئی تو میں خود ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے پیش ہو کر وضاحت کرنے کو تیار ہوں کہ میرا کبھی مقصد کسی جج کی توہین کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے سامنے پیش ہو کر معافی مانگنے کی پیشکس کر دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بیان حلفی جمع کروا دیں ہم آج فرد جرم کی کارروائی موخر کر تے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ عدالت جس طرح مطمئن ہو سکتی ہے میں وہ کرنے کو تیار ہوں۔ میں بات کرنا چاہتا تھا لیکن گزشتہ سماعت پر بات کرنے نہیں دی گئی۔ میں خاتون جج کے پاس جا کر معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے لئے توہین عدالت کی کارروائی کرنا مناسب نہیں ہوتا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عمران خان کا بیان قابل ستائش ہے۔ عدالت نے عمران خان کو حلف نامہ جمع کرانے کے لئے ۲۹ستمبر تک مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت۳اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے