ڈار کی واپسی، ڈالر ایک دن میں سات روپے سستا
Reading Time: < 1 minuteپاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کی جانب سے اسحاق ڈار کی بطور نئے وزیر خزانہ نامزدگی کے بعد پاکستان میں روپے کی قدر میں بہتری رپورٹ کی جا رہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو انٹر بینک میں روپے کی قدر میں اڑھائی روپے سے زائد کی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 65 پیسے سستا ہو کر 237 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر 6 روپے 40 پیسے سستا ہو کر 238 روپے کا ہو گیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے اور 100 انڈیکس345 پوائنٹس اضافے سے 40965 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخری دو روز میں بھی روپے کی قدر خاص کمی نہیں ہوئی تھی اور آج صبح سے روپے میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں گزشتہ ہفتے سے استحکام نظر آیا ہے، جبکہ ہفتے کے آخری دو روز میں بھی روپے کی قدر میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی تھی۔