عمران کے امریکی سازش بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی:وزیرِداخلہ
وفاقی وزیرِداخلہ راناثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کو گمراہ کرنے کے لئے امریکی سازش کا بیانیہ بنایا۔آج عمران کے امریکی سازش کے بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوٹی ہے۔
بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِداخلہ نے کہا کہ عمران خان پچھلے چھ ماہ سے امریکی سازش کا بیانیہ بنائے قوم کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے۔ آڈیو لیکس سے حقیقت آشکار ہو چکی ہے۔
رانا ثناااللہ نے کہا کہ عمران خان کہتا رہا کہ امریکہ نے سازش کر کے ہٹایا درحقیقت اس کے کرتوتوں کی وجہ سے اس کے اتحادی اس کے خلاف ہو گئے تھے۔ اس کے اتحادیوں نے ساتھ چھوڑا تو اس نے امریکی سازش کا بیانیہ گھڑ لیا۔
وزیرِداخلہ نے کہا کہ یہ فتنہ ملک و قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر سکتا ہے۔ عمران خان نے یونیورسٹی میں جا کر نوجوانوں میں زہر گھولا۔نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ یہ ہے اس کا اصل چہرہ۔
وزیرِداخلہ نے کہا کہ عمران خان سائفر کی تحقیقات کی بات کرتا ہے،اب یہ جائے سپریم کورٹ میں تحقیقات کے لئے۔اس کے بیانیے کی بنیاد ہی جھوٹ پرمبنی تھی اور اب سچ سامنے آ گیا۔

