ٹی20 ورلڈکپ کا سنسنی خیز میچ انڈیا کی جیت پر ختم
Reading Time: 2 minutesٹی20 ورلڈ کپ میں گروپ ٹو کے پہلے میچ میں انڈیا اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے 160 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ وراٹ کوہلی 82 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔
آخری اوور اس قدر سنسنی خیز تھا کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد سمیت دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھی دباؤ میں نظر آ رہے تھے، نواز نے اپنی پانچویں گیند پر دنیش کارتک کو سٹیمپ آؤٹ کر دیا اور یوں دو گیندوں پر دو رنز رہ گئے۔ لیکن اس سے اگلا بال انہوں نے وائڈ کر کے سکور برابر کروا دیا اور آخری گیند پر اشون نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدا میں انڈین فاسٹ بولرز کے آگے پاکستانی بیٹنگ لائن بے بس نظر آئی۔ لیکن گرین شرٹس نے شان مسعود کے 52 اور افتخار احمد کے 51 رنز کی بدولت 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
160 رنز کے تعاقب میں کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا محتاط آغاز کیا لیکن راہل زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور چار رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
انڈین کپتان روہت شرما بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور چار رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر افتخار احمد کو سلپ میں کیچ تھما بیٹھے۔
حارث رؤف نے اپنی تباہ کن بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے دوسرے اوور میں خطرناک بیٹر سوریا کمار یادو کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
ٹو ڈاؤن آنے والے آل راؤنڈر اکشر پٹیل صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد انڈین ٹیم نہائیت دباؤ مں تھی لیکن وراٹ کوہلی اور ہاردک پانڈیا نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔
دونوں کے درمیان 113 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
آخری اوور میں انڈیا کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے اور گیند محمد نواز کے ہاتھ میں تھی۔
انہوں نے اپنی پہلی گیند پر پانڈیا کو 40 رنز پر آؤٹ کر کے ایک بار پھر مومینٹم پاکستان کے حق میں کر دیا۔ نواز نے اگلی دو گیندیں بھی عمدہ کیں لیکن پھر ان کی ایک فل ٹاس پر، جسے امپائر نے نو بال قرار دیا، کوہلی نے چھکا لگا دیا۔ اس سے اگلی بال پر وراٹ کوہلی بولڈ ہوگئے لیکن فری ہٹ ہونے کی وجہ انڈیا کے سٹار بلے باز آؤٹ تو نہ ہوئے لیکن بائی کے تین رنز بن گئے۔