عالمی خبریں

امن کے لیے انڈیا سرحد پر موجود افواج کو قابو میں رکھے: چین

دسمبر 14, 2022 2 min

امن کے لیے انڈیا سرحد پر موجود افواج کو قابو میں رکھے: چین

Reading Time: 2 minutes

چین نے انڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ سرحد پر موجود فوجیوں کو قابو میں رکھے اور امن برقرار رکھنے کی غرض سے چین کے ساتھ کام کرے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈین ریاست اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں سرحد پر حالیہ جھڑپوں سے متعلق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے مغربی کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ چینی فوجیوں کے معمول کے پٹرول میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے انڈین فوجیوں نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول کو غیرقانونی طور پر عبور کیا.

انہوں نے کہا کہ ’ہم انڈیا پر زور دیتے ہیں کہ وہ فرنٹ لائن پر موجود فوجیوں کو سختی سے قابو میں رکھے اور انہیں روک کر رکھے۔‘

انڈین دفاعی ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ ایک سرحدی چوٹی پر دونوں اطراف کی پٹرولنگ ٹیمیں آمنے سامنے آئیں اور گتھم گتھا ہو گئیں، کچھ فوجی پتھریلی سطح پر گرنے سے زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اس واقعے میں تقریباً چھ انڈین فوجی معمولی زخمی ہوئے۔

جمعے کو ریاست اروناچل پردیش میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر انڈیا اور چین کے درمیان جھڑپوں میں چند فوجی زخمی ہوئے تھے، اس کے بعد دونوں ممالک کی افواج پیچھے ہٹ گئی تھیں۔

منگل کو انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ 9 دسمبر کو انڈین فوج نے چینی فوجیوں کو ملک کی سرحدوں میں داخل ہونے سے روکا تھا، جھڑپوں میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی ہوئے تھے۔

انڈین وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ان کا کوئی فوجی نہیں ہلاک ہوا اور نہ ہی کسی کو سنگین نوعیت کے زخم آئے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پی ایل اے نے توانگ سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنڑول کی حد عبور کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر صورتحال تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈین فوج نے چین کی اس کوشش کا سختی سے مقابلہ کرتے ہوئے پی ایل اے کو انڈین سرحد میں داخل ہونے سے روکا اور انہیں واپس اپنی پوسٹوں تک محدود رہنے پر مجبور کیا۔

منگل کو ہی چین کی وزارت خارجہ نے بھی جاری بیان میں کہا کہ فراہم کردہ معلومات کے مطابق سرحد پر صورتحال فی الحال معمول کے مطابق ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے