’شدید برفانی طوفان‘، لاکھوں امریکی شہری بجلی سے محروم
Reading Time: < 1 minuteامریکہ کو موسم سرما کے شدید طوفان نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے بعد تقریباً 15 لاکھ امریکی شہری بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس طوفان کی وجہ سے کرسمس سے کچھ دن قبل ملک کی بڑی شاہراہیں بند جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو گئی تھیں۔
معتدل موسم کی حامل جنوبی ریاستوں سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں شدید برفباری، تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔
قومی موسمیاتی سروس کے مطابق تقریباً 24 کروڑ (70 فیصد آبادی) افراد کو موسمی چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ سرد ہوا نے درجہ حرارت کو منفی 55 ڈگری فارن ہائیٹ تک کم کر دیا ہے۔
’ٹریکر پاور آؤٹیج یو ایس‘ کے مطابق سخت سردی تقریباً 15 لاکھ بجلی کے صارفین کے لیے بالخصوص امریکہ کے جنوب اور مشرق میں فوری تشویش کی وجہ ہے۔
شمالی اور جنوبی ڈکوٹا، اوکلاہاما، آئیووا اور دیگر جگہوں پر ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں نے تقریباً صفر کے قریب حدِنظر، برف سے ڈھکی سڑکوں اور برفانی طوفان کے حالات کی اطلاع دی ہے اور رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔
جمعرات کو اوکلاہاما میں ٹریفک حادثات میں کم از کم دو اموات کی اطلاع ملی جبکہ کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے اپنی ریاست میں تین اموات کی تصدیق کی۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے ایک پریس بریفنگ میں کہ ’یہ بہت بڑا اور ملک گیر طوفان ہے۔ سڑکیں آئس سکیٹنگ رِنک کا روپ دھار رہی ہیں اور آپ کے ٹائر اس صورت حال سے نمٹ نہیں سکتے۔‘