عالمی خبریں

روس کا یوکرینی دارالحکومت پر بڑا فضائی حملہ، شہر میں تباہی

دسمبر 30, 2022 2 min

روس کا یوکرینی دارالحکومت پر بڑا فضائی حملہ، شہر میں تباہی

Reading Time: 2 minutes

روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیئف پر میزائل اور ڈرون سے حملے کیے ہیں جن سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہونے والے ان حملوں میں کئی عمارتیں تباہ ہوئیں جبکہ حکام نے رہائشیوں کو محفوظ مقامات کی طرف جانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ روس کے اب تک کے سب سے بڑے فضائی حملے سمجھے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رات دو بجے کے قریب کیئف کی شہری حکومت نے ٹیلی گرام ایپ پر الرٹ جاری کیا اور اس کے ساتھ ہی خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔

کیئف کے گورنر اولیکسکی کیوبیلا نے ٹیلی گرام پر کہا کہ ’ڈرونز کے ذریعے حملے جاری ہیں۔‘

قبل ازیں اپنے ویڈیو خطاب میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ’ایئر کمانڈز نے جنوبی، مشرقی اور مغربی یوکرین میں 54 روسی میزائلوں اور 11 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔  
زیلنسکی نے تسلیم کیا کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں بجلی دستیاب نہیں ہے۔

’ہم کوشش کر رہے ہیں لیکن ان علاقوں میں بجلی کی بحالی کافی مشکل ہے۔‘
انہوں نے اپنے فوجیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حملوں کا بھرپور مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

روئٹرز نے جمعرات کی ایک ایسی ویڈیو جاری کی جس میں امدادی کارکنوں کو کیئف میں گولہ باری سے تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے میں تلاش کا کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں حکام کا کہنا تھا کہ جمعرات کو 120 سے زائد میزائل شہر پر برسائے گئے۔

یوکرین کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تازہ حملوں کے نتیجے میں 18 رہائشی اور 10 دیگر عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔

خیال رہے پچھلے کچھ عرصے کے دوران روس کی جانب سے توانائی کے ذرائع پر پے در پے حملے کیے گئے جس کی وجہ سے زیادہ تر علاقے بجلی اور گیس سے محروم ہیں اور انتہائی سرد موسم کی وجہ سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

روس نے رواں سال 24 فروری کو پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے مسلسل لڑائی جاری ہے۔

حملے کے بعد امریکہ سمیت کئی مغربی ممالک نے روس پر معاشی پابندیاں بھی عائد کیں تاہم جنگ نہیں رک سکی۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ یوکرین کے ہتھیار ڈالنے تک جنگ جاری رہے گی جبکہ یوکرین صدر زیلنسکی کہتے ہیں کہ کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالے جائیں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے