عالمی خبریں

مسجد اقصیٰ، ’اقوام متحدہ نہ روک سکی تو فلسطینی شہری اسرائیل کو روکیں گے‘

جنوری 6, 2023 2 min

مسجد اقصیٰ، ’اقوام متحدہ نہ روک سکی تو فلسطینی شہری اسرائیل کو روکیں گے‘

Reading Time: 2 minutes

اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصٰی کے احاطے کے دورے کے بعد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے کہا ہے کہ دنیا ناکام ہوئی تو اُن کے شہری اسرائیل کو روکیں گے۔

اجلاس میں اپنے اسرائیلی ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے فلسطینی مندوب نے کہا کہ ’یہ تمام ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور تاریخی سٹیٹس کو برقرار رکھیں۔‘

اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور کا کہنا تھا کہ ’میری بات غور سے سنو، اس کونسل کو آپ (اسرائیل) کو روکنا چاہیے۔ یہ اس کی ذمہ داری ہے۔ لیکن اس غلط فہمی میں نہ رہیں۔ اگر انہوں نے نہ روکا تو فلسطینی عوام آپ کو روکیں گے۔‘

خیال رہے کہ اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتامر بین گویر نے منگل کو مسجد اقصٰی کا اچانک دورہ کیا تھا جس پر متحدہ عرب امارات اور چین نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔

اجلاس سے خطاب میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے سکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا کہ ’اسرائیل کی جانب سے ہماری، آپ کی اور تمام عالمی برادری کی تحقیر‘ پر ٹھوس اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر کے دورے سے واضح ہے کہ انہیں ’فلسطینیوں کی زندگی، بین الاقوامی قوانین اور حرم الشریف کے تقدس کا بالکل خیال نہیں ہے۔‘

’لیکن اس کے باوجود کونسل مرکزی کردار نہیں ادا کرتی۔ آپ اچھی باتیں بولتے ہیں لیکن ایک طرف رہتے ہیں۔‘

ریاض منصور نے مزید کہا ’ہمارے لوگوں کا صبر ختم ہو رہا ہے۔ جس تحمل اور ذمہ داری کا ہم مظاہرہ کرتے ہیں اس کو کبھی ہماری کمزوری نہ سمجھیں۔ ماضی کے ریکارڈ سے صاف ظاہر ہے کہ اسرائیل جس راستے پر ثابت قدمی کے ساتھ چل رہا ہے اس نے کبھی بھی ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا بلکہ شورش کو جنم دیا ہے۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے