پاکستان

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں الیکشن، چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا

فروری 22, 2023

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں الیکشن، چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں الیکشن کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لے لیا ہے۔

ازخود نوٹس پر سماعت کے لیے 9 رکنی لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیا گیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے از خود نوٹس میں کہا ہے کہ ’عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ کی جانب سے 16 فروری 2023 کو ایک کیس میں آئین کے آرٹیکل 184 تین کے تحت ازخود نوٹس لینے کی درخواست کی گئی تھی۔‘

بدھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ازخود نوٹس پر 9 رکنی لارجر بینچ جمعرات کو دوپہر دو بجے ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔‘

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 9 رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ بھی 9 رکنی بینچ کا حصہ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ ’دیکھا جائے گا کہ صوبوں میں الیکشن کے حوالے سے وفاق اور صوبوں کی آئینی ذمہ داری کیا ہے۔‘

چیف جسٹس نے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ ’دیکھنا ہو گا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کرانا کس کی ذمہ داری ہے۔‘

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں 14 اور 17 جنوری کو تحلیل ہوئیں، آرٹیکل 224 دو کے تحت انتخابات اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز میں منعقد کرانا ہوتے ہیں۔‘

’آئین لازم قرار دیتا ہے کہ 90 روز کے اندر الیکشن کا انعقاد کیا جائے، انتخابات کی تاریخ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے سپیکرز کی جانب سے بھی درخواستیں آئیں۔‘

یاد رہے کہ 20 فروری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں رواں برس 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے