بارکھان میں ماں بیٹوں کا قتل، صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران گرفتار
بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ماں اور دو بیٹوں کے قتل کے واقعے کے بعد صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بدھ کو وزیراعلٰی بلوچستان کے کوآرڈنیٹر نے سردار عبدالرحمان کھیتران کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
قبل ازیں واقعے کی اعلٰی سطح پر تحقیقات شروع کا آغاز کر دیا گیا تھا اور انکوائری کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی لورالائی سلیم لہڑی بارکھان پہنچ گئے تھے۔
ایس پی بارکھان نور محمد بڑیچ نے میڈیا کو بتایا کہ ’خان محمد مری کے بچوں کی بارکھان سے ملحقہ ضلع کوہلو میں موجودگی کی اطلاع ملی ہے جس پر ان کی سربراہی میں پولیس ٹیم کوہلو پہنچ گئی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’ضلع موسیٰ خیل کے پولیس سربراہ بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ ابھی تک بچے بازیاب نہیں ہوئے، تاہم ہائی پروفائل کیس کی اعلٰی سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔‘
کوئٹہ میں مغویوں کی بازیابی کے لیے جاری دھرنے کی سربراہی کرنے والے مری اتحاد کے جنرل سیکریٹری جہانگیر مری کا کہنا ہے کہ ’ہمیں مختلف ذرائع سے پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں کہ تین بچے حوالے کردیں گے آپ دھرنا ختم کریں، باقی دو بچے بھی بعد میں آپ کے حوالے کر دیے جائیں گے لیکن ہم پانچوں بچوں کی بازیابی سے پہلے تک احتجاج سے نہیں اٹھیں گے۔‘

