مزاحیہ مقدمات میں عدالت بلایا جا رہا ہے: عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’چیف جسٹس کو خط لکھوں گا، مجھے مزاحیہ کیسز میں عدالتوں میں بلایا جا رہا ہے۔‘
اتوار کو زمان پارک میں پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ ہوتا ہے، میں گھر بیٹھا ہوں اور مجھ پر کیس ہوتا ہے۔ جنہوں نے ڈاکہ مارا ہے توشہ خانہ پر ان کے کیسز معاف کر دیے ہیں۔ قوم کو پتا چلنا چاہیے کہ کیا مذاق ہو رہا ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’عدالتوں میں کوئی سکیورٹی نہیں۔ مجھے پتا یہ مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ جو ضمانت پر تھی اسے پروٹوکول دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ رہا ہوں۔ میں کہہ رہا ہوں کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ پہلے بھی کہا تھا۔‘

