پاکستان

پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی، سپریم کورٹ کا نوٹس

اپریل 12, 2023

پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی، سپریم کورٹ کا نوٹس

پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں انتخابات کرانےکے لیے فنڈز فراہم نہ کرنے پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

بدھ کو عدالت نے اٹارنی جنرل، گورنر سٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ نے تمام متعلقہ افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ 14 اپریل کو پیش ہو کر اس معاملے کی وضاحت کریں۔

گورنر سٹیٹ بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس موقع پر تمام ملکی وسائل کی تفصیلات بھی ساتھ لائیں۔

واضح رہے کہ منگل کے روز الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر رپورٹ جمع کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ صوبہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے انہیں رقم فراہم نہیں کی گئی۔

سپریم کورٹ نے گذشتہ ہفتے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق سوموٹو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی تھی کی وفاقی حکومت 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کے لیے رقم جاری کرے۔

تاہم حکومت یہ معاملہ قومی اسمبلی میں بحث کے لیے لے گئی اور الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہیں کیے گئے تھے۔
قومی اسمبلی نے یہ معاملہ ذیلی کمیٹی کو بھجوا کر اجلاس 13 اپریل تک ملتوی کر دیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے