پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز نہ ملے: سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں آگاہ کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز نہیں ملے۔
منگل کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے رقم ٹرانسفر نہیں کی گئی۔
سپریم کورٹ نے گذشتہ ہفتے سٹیٹ بینک کو حکم جاری کیا تھا کہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے پیر تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جاری کیے جائیں۔
سٹیٹ بینک نے بھی رجسٹرار سپریم کورٹ کے آفس میں رپورٹ جمع کروا دی ہے جس میں رقم منتقل نہ کرنے کی وجوہات بیان کی ہیں۔
پارلیمنٹ نے اس کی منظوری نہیں دی جبکہ سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ وہ مطلوبہ رقم مختص تو کر سکتے ہیں لیکن حکومت یا پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر ریلیز نہیں کر سکتے۔
پیر کو وفاقی کابینہ نے اس سلسلے میں وزارت خزانہ کی ایک سمری کا جائزہ لینے کے بعد اس کو قومی اسمبلی کو بھجوا دیا تھا جس نے سمری مسترد کرتے ہوئے فنڈز کے الیکشن کمیشن کو اجرا کی منظوری نہیں دی۔

