جی ایچ کیو کا گیٹ توڑنے والے شرپسندوں کی شناخت، میاں محمود الرشید گرفتار
پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ پُرتشدد کاروائیوں میں ملوث شرپسندوں کی شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور بیشتر عناصر کی شناخت ہو گئی ہے۔
راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) پر حملہ کر کے گیٹ توڑنے والے افراد کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق شناخت شدہ شرپسند ملزمان میں افشاں کامران سکنہ راولپنڈی، فاطمہ احسان سکنہ راولپنڈی، شبانہ فیاض سکنہ راولپنڈی، عابد ملک سکنہ اسلام آباد، عاصم خورشید سکنہ کراچی، زاہد علی شاہ گیلانی سکنہ راولپنڈی، خان کاشف خان سکنہ راولپنڈی، منیزہ احمد سکنہ چکوال، جہانگیر احمد سکنہ اسلام آباد، محمد عثمان قریشی سکنہ راولپنڈی، ابوبکر احمد سکنہ اسلام آباد، پیرزادہ شہباز ناصر سکنہ راولپنڈی، انصر جاوید سکنہ مری اور حماد خان سکنہ راولپنڈی شامل ہیں۔
حکومتی اور عسکری املاک کو نقصان پہنچانے اور دنگا فساد کرنے والوں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے اور قانون نافذ کرنے والی چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم ہیں۔
اُدھر لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پر حملے میں ملوث 430 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اتوار کو تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید اور حماد اظہر کے سیکریٹری کو گرفتار کیا گیا۔

