پاکستان

ژوب میں جماعت اسلامی کے قافلے پر ’خودکش حملہ‘، سراج الحق محفوظ

مئی 19, 2023

ژوب میں جماعت اسلامی کے قافلے پر ’خودکش حملہ‘، سراج الحق محفوظ

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے تاہم وہ محفوظ ہیں۔

جمعے کو جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے، حملہ آور مارا گیا ہے۔ الحمدللہ سراج الحق اور دیگر تمام احباب محفوظ ہیں۔‘

وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔
وزیراعلٰی نے دہشت گردی کے واقعے میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

سراج الحق پر حملہ ژوب میں ہوا ہے جہاں ان کا جلسہ تھا۔

کمشنر ژوب ڈویژن سعید عمرانی کے مطابق ’سراج الحق جلسہ گاہ کی طرف آ رہے تھے تب انہیں نشانہ بنایا گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم امیر جماعت اسلامی محفوظ رہے۔

جماعت اسلامی بلوچستان کے ترجمان ولی خان نے بتایا کہ ’ژوب میں جماعت اسلامی کا جلسہ تھا جس میں شرکت کے لئے سراج الحق پہنچے تھے۔ کارکنان و پارٹی کے ذمہ داران ان کے قافلے کے استقبال کے لیے کوئٹہ روڈ پر شہاب زئی کے مقام پر جمع تھے کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دھماکے میں امیر سمیت پارٹی کے دیگر رہنما محفوظ رہے تاہم دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے