استحکام پاکستان پارٹی، تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے والے ترین کی چھتری تلے
پاکستان میں اگلے عام انتخابات سے قبل ایک نئی سیاسی جماعتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے علیم خان کی رہائش گاہ پر ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سابق قریبی ساتھی اور سینیئر سیاست دان شریک ہوئے۔
عشائیے میں سندھ کے سابق گورنر عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر علی زیدی، سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی اور جے پرکاش بھی شریک تھے۔
پنجاب سے تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل عامر کیانی، فواد چوہدری، میاں جلیل شرقپوری، مراد راس، فردوس عاشق اعوان اور فیاض الحسن چوہان بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔
پنجاب اسمبلی کے سابق ارکان نعمان لنگڑیال، ظہیر الدین علیزئی، جاوید انصاری، طارق عبداللہ اور دیگر بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔
فردوس عاشق اعوان نے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور ملک بھر سے 100 سے زائد رہنماؤں نے عشائیے میں شرکت کی اور جہانگیر ترین، علیم خان اور باقی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا۔
فردوس عاش اعوان نے کہا کہ ’ہماری استحکام پاکستان پارٹی ایک نئے روشن، درخشاں اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھنے جا رہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

