پاکستان

خیبر پختونخوا میں آندھی و طوفان سے 25 ہلاک، 145 زخمی

جون 10, 2023

خیبر پختونخوا میں آندھی و طوفان سے 25 ہلاک، 145 زخمی

پاکستان کےصوبہ خیبر پختونخوا میں آندھی اور طوفان کے باعث 25 افراد ہلاک اور 145 زخمی ہو گئے ہیں۔

سنیچر کو ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بنوں میں 17، لکی مروت میں تین اور کرک میں 5 افراد جان سے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے کہا ہے کہ زیادہ تر حادثات چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے کے باعث پیش آئے۔
ترجمان محکمہ ریلیف نے کہا ہے کہ سیکریٹری ریلیف نے امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ریسکیو 1122 کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

سیکریٹری ریلیف نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف مہیا کیا جائے گا۔

نگران وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے بھی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلٰی نے چیف سیکریٹری اور متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے شروع کی جائیں۔

نگران وزیراعلٰی اعظم خان نے کہا ہے کہ متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس مقصد کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعلٰی نے محکمہ صحت کے حکام کو متعلقہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے