لاہور ہائیکورٹ: عمران ریاض کی بازیابی کے لیے پولیس کو مزید 10 دن کی مہلت
لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے حامی اینکر و یوٹیوبر عمران ریاض کی بازیابی کے لیے پولیس کو مزید 10 دن کی مہلت دے دی ہے۔
منگل کو عمران ریاض کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عمران ریاض کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ ورکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ہم کوششیں کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پوچھا کہ کیا آپ ورکنگ کمیٹی کی کاوش سے مطمئن ہیں؟
وکیل نے کہا کہ اُن کو عمران ریاض کی بازیابی سے غرض ہے جس کے لیے آئی جی پنجاب اور اُن کی ٹیم کام کررہی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں پولیس جلد عمران ریاض کو بازیاب کر سکے گی۔
پنجاب پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم عمران ریاض کی زندگی کے لیے دعاگو بھی ہیں اور کوشش بھی کر رہے ہیں۔
عدالت نے عمران ریاض کو بازیاب کرنے کی پولیس کو دس روز کی مزید مہلت دے دی۔

