سمندری طوفان بپرجوائے پاکستان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا
پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے دوپہر کو سندھ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کے پیش نظر پاکستان کے ساحلی علاقوں سے 81 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
’سمندری طوفان بپرجوائے کیٹی بندر سے 181، کراچی سے 247 جبکہ ٹھٹھہ سے267 کلو میٹر کے فاصلے پر جنوب میں موجود ہے۔‘
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ سمندری طوفان کے ممکنہ اثرات میں تیز آندھی، بارش اور سیلابی کیفیت شامل ہیں. ’تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں. کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں شہری متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔‘
دوسری طرف انڈیا میں سمندری طوفان کے پیش نظر ریاست گجرات کے سوراشٹر اور کچ کے علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے ایک بیان میں کہا کہ سمندری طوفان پاکستان اور انڈیا کی سمندری سرحد پر شمال مشرق میں بڑھ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’اس کے اثرات سے شہریوں کو بچانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے گئے ہیں اور دوپہر میں اس کے ٹکرانے کا خدشہ ہے لوگ محفوظ رہیں اور سرحد کے لیے دونوں اطراف کے رہائشیوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے دُعائیں۔‘

