ملزم آگے آ جائے اور جواب دے: جج کی عمران خان کو ہدایت
لاہور میں انسداد دہشتگری کی عدالت کے جج نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت پر سماعت کے دوران عمران خان کے شامل تفتیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
جمعے کو سماعت کے آغاز پر جج اعجاز بٹر نے ہدایت کی کہ ملزم آگے آ جائے جس پر چیرمین تحریک انصاف روسٹرم پر آئے۔
جج اعجاز بٹر نے پوچھا کہ آپ نے ابھی تک تفتیش کیوں جوائن نہیں کی؟
عمران خان نے بتایا کہ وہ روز عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں اس لیے شامل تفتیش نہیں ہو سکے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے کہا کہ مجھے لسٹ دیں آپ کب کب عدالت میں پیش ہوئے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وہ ابھی شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔
یہ زمان پارک آ جائیں میں تفتیش جوائن کر لوں گا۔
جج اعجاز بٹر نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد ضروری ہے، یہ آپ کا اور پولیس کا مسئلہ ہے آپس میں طے کر لیں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ آج چار بجے چیرمین تحریک انصاف شامل تفتیش ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ چار بجے میں مصروف ہوں ایک وفد مجھ سے ملنے آ رہا ہے۔
چیرمین تحریک انصاف کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد اُن سے ملنے آ رہا ہے۔
جج اعجاز بٹر نے کہا کہ بہتر یہی ہے آپ پولیس ہیڈ آفس جائیں اور تفتیش جوائن کریں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ 14 جولائی کو آپ پانچوں مقدمات میں شامل تفتیش ہوں۔
چیرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔

