کھیل

ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں کامیابی، سعود شکیل کی ستائش

اکتوبر 7, 2023 < 1 min

ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں کامیابی، سعود شکیل کی ستائش

Reading Time: < 1 minute

پاکستان نے انڈیا میں جاری ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی ہے۔

جمعے کو حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 283 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس ہدف کے تعاقب میں ڈَچ کرکٹ ٹیم 41 اوورز میں صرف 205 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور سعود شکیل نے 68، 68 رنز کی انگز کھیلیں اور سعود شکیل تیز رفتار بیٹنگ کرنے پر ’مین آف دا میچ‘ قرار پائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے وکرمجیت سنگھ اور باس ڈی لیڈ نے نصف سینچریاں سکور کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈکپ میں پاکستان کا پہلا میچ سوشل میڈیا پر بھی پورے دن موضوع گفتگو بنا رہا اور کرکٹ شائقین خصوصاً سعود شکیل کی برق رفتار بیٹنگ کی تعریفیں کرتے ہوئے نظر آئے۔

میچ کے بعد جب سعود شکیل سے پوچھا گیا کہ وہ فاسٹ اور سپن بالنگ میں سے کس کا سامنا کرنا پسند کرتے ہیں تو انہوں نے مذاقاً کہا ’جس پر مجھے باؤنڈریز ملیں میں اُسی کو ترجیح دیتا ہوں۔‘

اٹھائیس برس کے سعود شکیل کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے ہے اور وہ ماضی میں پاکستان انڈر 19 اور پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

پاکستان ورلڈکپ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے خلاف 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی کھیلے گا جبکہ گرین شرٹس کا انڈیا سے مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہوگا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے