سری لنکا کو شکست، افغانستان ورلڈ کپ میں پانچویں نمبر پر
Reading Time: < 1 minuteکرکٹ ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
افغانستان کے بلے بازوں نے 242 رنز کے تعاقب میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ عظمت اللہ عمرزئی 73، رحمت شاہ 62 اور حشمت اللہ شاہدی 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پیر کو پونے میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سری لنکا کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 241 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نشانکا نے 46، کپتان کوشل مینڈس نے 39 اور سدیرا سماراوِکاراما نے 36 رنز سکور کیے۔
افغانستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے فضل حق فاروقی چار وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ مجیب الرحمان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پونے میں کھیلا جا رہا یہ میچ دونوں ٹیموں کا میگا ایونٹ میں چھٹا میچ تھا۔ آج کی فتح کے بعد افغانستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔
اس میچ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں جس کے بعد کوشل پریرا کی جگہ دیمُتھ کرونارتنے اور لاہِیرُو کمارا کی جگہ دشمنتھا چمیرا کو پلئینگ الیون میں شامل کیا گیا۔
افغانستان نے بھی اپنی پلینگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نور احمد کی جگہ فضل حق فاروقی کو ٹیم کا حصہ بنایا۔