سائفر کیس کی سماعت فوری روک دی جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی کارروائی فوری روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
منگل کو حکم امتناع نہ جاری کرنے کی اٹارنی جنرل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالت نے جیل ٹرائل سے متعلق تمام ریکارڈ جمعرات کو طلب کیا ہے۔
ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر اسٹے آرڈر جاری کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عمران خان کے خلاف سائفر کیس کے جیل ٹرائل پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ٹرائل آگے بڑھانے سے روک دیا ہے۔
اس سے پہلے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست ہی مسترد کر دی تھی جس کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جیل ٹرائل کو درست قرار دیا تھا تاہم انٹراکورٹ اپیل میں ان کے ساتھی ججز پر مشتمل ڈویژن نے کہا ہے فئیر ٹرائل کے تقاضے بادی النظر میں پورے نہیں ہو رہے اسی لیے اسٹے دیا جا رہا ہے۔