قلات میں بلوچ سرمچاروں کا فوجی قافلے پر حملہ، ہلاکتوں کی اطلاع
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ بلوچستان میں عسکریت پسندوں نے فوج کے ایک قافلے پر حملہ کیا ہے جس کی زد میں مسافر گاڑیاں بھی آئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جمعے کو رات گئے اس حملے میں متعدد اہلکار اور جوابی کارروائی میں عسکریت پسند مارے گئے۔
علاقے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو فوٹیجز کے مطابق شاہراہ پر دور تک گاڑیوں کی قطاریں ہیں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
پاکستان24 آزادانہ طور پر اس فوٹیجز کی تصدیق نہیں کر سکا۔
مقامی سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ چھٹیوں پر گھر جانے والے اہلکاروں پر کیا گیا جس میں بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔
مسافر گاڑیوں میں موجود ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اچانک شدید فائرنگ شروع ہوئی جو گھنٹے سے زائد تک جاری رہی۔
سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ سے عسکریت پسندوں کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا تاہم اس دوران متعدد قریبی عمارتوں اور ایک بینک کو نقصان پہنچا۔
حملے کے دوران فائرنگ سے مسافر گاڑیاں بھی زد میں آئیں اور ان میں موجود کم از کم تین افراد زخمی ہوئے۔
اس واقعے کی تفصیلات موصول ہو رہی ہیں اور پاکستان کی فوج کے بیان کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔