اہم خبریں متفرق خبریں

آئی ایم ایف سے معاہدہ طے، پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر ملیں گے

نومبر 16, 2023 2 min

آئی ایم ایف سے معاہدہ طے، پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر ملیں گے

Reading Time: 2 minutes

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مشن نے بدھ کو پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔ اب آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کو قرض فراہمی کی منظوری دے گا۔

آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان نے پہلی سہ ماہی کے تمام معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ بجلی کے نقصانات کو بھی کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔‘

بیان کے مطابق ’آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی بحالی جاری ہے۔ دوست ممالک کے تعاون سے معاشی استحکام آ رہا ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی گئی۔‘

اس سے قبل آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا جیورجیوا نے بدھ ہی کو بلوم برگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ’مجھے توقع ہے کہ اس ہفتے میں جائزے سے متعلق معاہدہ طے پا جائے گا۔‘

آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ٹیکس اکٹھا کرنا بنیادی مسئلہ ہے۔ ہم اسلام آباد سے کہہ رہے ہیں کہ وہ محصولات کو اپنی سالانہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) کے 15 فیصد تک لے جائے جو کہ فی الحال صرف 12 فیصد ہے۔

آئی ایم ایف کا مشن گزشتہ دو ہفتے سے پاکستان میں موجود تھا اور اس کی پاکستانی حکام سے سے تکنیکی اور پالیسی سطح کے امور پر بات جاری رہی۔

ان ملاقاتوں میں جولائی کے سٹیڈبائے معاہدے کے اہداف پر عملدرآمد سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔
آئی ایم ایف کے مشن نے بدھ کو اپنا دورۂ پاکستان مکمل کیا ہے۔

قبل ازیں پاکستان کی وزارت خزانہ کے ایک عہدے دار نے روئٹرز کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ پاکستان کو دسمبر میں 71 کروڑ ڈالر کا دوسرا بیل آؤٹ پیکج ملنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا ’میرے خیال تمام معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں۔‘
’ہم ٹیکس جمع کرنے سے متعلق اپنے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری پالیسی سے متعلق اقدامات جائزے کی شرائط کے موافق ہیں۔‘

وزارت خزانہ کے عہدے دار نے یہ بھی تسلیم کیا کہ آئی ایم ایف نے بیرونی فنڈنگ اور حکومتی اخراجات کے حوالے سے کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا جیورجیوا نے معاشی اور سیاسی چیلنجز کے شکار پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد کی سراہا بھی ہے۔

وزرات خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ رواں معاشی سال میں آئندہ جون تک پاکستان کو 24 ارب ڈالر کی بیرونی فنڈنگ درکار ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے