ہمیں بکریوں کی طرح بند کر کے نواز شریف کو لے آئے: عمران خان
Reading Time: 2 minutesسائفر کیس کی اڈیالہ جیل کی کمیونٹی سینٹر میں سماعت کے دوران عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو پیش کیا گیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں شاہ محمود قریشی نے کہا اُن کی دو گذارشات ہیں۔
عدالت بتائے کہ ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 یا 2023 کس قانون کے تحت کیا جا رہا ہے؟ کبھی بھی سیکورٹی خدشات نہیں رہے، اکیلا گاڑی میں آتا جاتا رہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پروڈکشن آرڈر پر جیل انتظامیہ نے حکم عدولی کی، ہماری ضمانت پر انتطامیہ نے ریکارڈ پیش نہ کیا۔ ہمیں اس کیس میں ٹرائل کرنے کی کوشش جاری ہے جس کا نہ سر ہے نہ پاؤں۔
شاہ محمود نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے ترمیمی قانون سے صدر پاکستان بھی انکاری ہے، میری گذارش ہے کہ صدر پاکستان کو عدالت طلب کیا جائے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر عدالت میں حلف دے کر بتائیں انہوں نے یہ ترمیم منظور کی یا نہیں۔میرے پاس جہانگیر ترین جیسے لوگ نہیں کہ بڑے وکیل کی خدمات حاصل کر سکوں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین مشہور شخص ہیں بڑے نامور وکلاء ان کے کیس کی پیروی کرنے کو تیار ہیں
جج ابو الحسنات نے کہا کہ آپ یہ بات سن لیں آپ کا اعتراض ختم ہو گیا میڈیا اور پبلک آج موجود ہے ۔
وکیل انتظار پنجوتھہ نے اعتراض کیا تو عدالت نے روک دیا.
جج نے شاہ محمود سے کہا کہ آپ کو سکیورٹی خدشات کی وجہ سے عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ آپ کااور چیرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل الگ نہیں ہو سکتا یہ کیس انٹر لنک ہے۔
جج نے کہا کہ آپ پر عارف علوی والے ترمیمی قانون کی کوئی شق لاگو نہیں ہو گی، آپ کا ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شق نو اور پانچ کے تحت ہو گا۔ میرٹ پر کاروائی کریں گے۔
عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے بطور وزیراعظم اس معاملے کی انکوائری کا آرڈر کیا۔ اس میں جو لوگ ملوث ہیں وہ طاقتور ہیں انہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اُن کو اللہ کے سوا کسی کا ڈر نہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بکریوں کی طرح بند کر دیا گیا نواز شریف کو وہاں سے یہاں لے آئے۔
سماعت کے بعد عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین اور شاہ محمود پر جو دفعات لگیں اس میں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔ ’یہ انٹرنیشنل کیس ہے، ڈونلڈ لیو کا نام لینے سے کیس انٹرنیشنل بن جاتا ہے۔‘
علیمہ خان نے کہا کہ ڈونلڈ لیو نے سائفر جنرل باجوہ کو چھپا کر بھیجا تھا، وہ وزیراعظم کے پاس آ گیا۔ ’آج یہ ثابت ہو جائے کہ ڈونلڈ لو نے سازش کی تو وہ نوکری سے فارغ ہو جائے گا سارے اپنی نوکریاں بچا رہے ہیں۔‘
عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ اگر یہاں انصاف نہیں ملتا تو امریکہ جائیں گے، ڈونلڈ لیو پر امریکہ میں کیس کریں گے۔ جنرل باجوہ کدھر ہیں، آئیں اور جواب دیں۔
علیمہ خان کے مطابق عدالت میں ’چیئرمین نے کہا کہ لندن پلان کے تحت عمران خان کو ہٹایا جائے، پی ٹی آئی کو کمزور کیا جائے اور نواز شریف کے کیس ختم کیے جائیں۔
’نواز شریف کے کیسز ایک دن میں سیٹل ہو گئے۔ مفرور نواز شریف کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ مل رہی ہے، ہمارے دو قیدیوں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا۔‘