بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپہ مارنے والے پانچ افسران معطل، انکوائری رپورٹ
Reading Time: < 1 minuteبیرسٹر گوہر کے گھر مقامی پولیس کے جانے کی انکوائری کی ابتدائی رپورٹ پر پانچ افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو پولیس کے بیان کے مطابق 13 جنوری بوقت سہ پہر مقامی پولیس ایک مخبر کی اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں F-7/2 پہنچی۔
پولیس کے مطابق یہ معلوم ہونے پر کہ مذکورہ گھر بیرسٹر گوہر کا ہے پولیس فوری واپس آگئی.
بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں اپنے گھر پولیس جانے کی شکایت کی۔
چیف جسٹس نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کو طلب کیا اور معاملے کی تحقیق کا حکم جاری کیا،معزز عدالت نے پولیس سربراہ کو ذاتی طور پر چئیرمین پی ٹی آئی کی وقوعہ کے متعلق شکایت کو سننے کی ہدایت کی۔
آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو معاملہ کی تحقیق کرنے اور کسی بھی پولیس افسر کے قصوروار ہونے پر محکمانہ کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔
ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کر کے تفصیلی رپورٹ 3 دن میں جمع کروانے کے احکامات جاری کیے،5 افسران بشمول ایس ایچ او مارگلہ کو تا حکم ثانی معطل کردیا گیا ہے۔
پولیس بیان کے مطابقانکوائری عمل میں لائی جا رہی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔