پاکستان

ایران میں بلوچوں پر حملے، کیا پاکستان نے بدلہ لے لیا؟

جنوری 18, 2024 2 min

ایران میں بلوچوں پر حملے، کیا پاکستان نے بدلہ لے لیا؟

Reading Time: 2 minutes

بلوچستان میں پاکستانی فوج پر حملوں میں ملوث بلوچ شدت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کے ایرانی سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انڈین ذرائع ابلاغ نے بھی پاکستان کی فوج کی جانب سے ایرانی سرزمین پر حملوں کی خبر جاری کی ہے۔

پاکستان کے فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ ایرانی حملے کا جواب 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں دے دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے خاموشی اختیار کی جائے اور باقاعدہ بیان نہیں دیا گیا.

پاکستان کی فوج کے قریب یا اس سے منسلک سمجھے جانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی ایران کے اندر حملوں کی خبر شیئر کی ہے۔

متعدد ایسے ٹوئٹر اکاؤنٹس نے پاکستان کے تھنڈر جہاز اور ڈرون کی تصاویر استعمال کر کے بتایا ہے کہ ایران پر حملوں میں یہ ہتھیار کام میں لائے گئے۔

ایران کی حدود میں موجود بلوچ دہشتگرد کیمپوں میں حملوں سے متعلق اطلاعات آرہی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، مگر ایران کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا ہے۔

امریکی تھنک ٹینک وڈرو ولسن سینٹر سے منسلک تجزیہ کار مائیکل کوگلمین نے اس حملے سے متعلق بتایا ہے کہ متعدد اطلاعات کے مطابق ایران میں موجود دہشتگردوں کے کیمپوں پر پاکستان کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے اور پاکستان نے ایرانی حملے کا جواب دینے کے لیے زیادہ تاخیر نہیں کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ایران کی جانب سے پنجگور میں ’فضائی حدود کی خلاف ورزی‘ کے بعد ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

بدھ کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ پاکستان کے لیے ایرانی سفیر جو اس وقت تہران میں ہیں، واپس اسلام آباد نہیں آئیں گے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاتھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتی دوروں کو روکا جا رہا ہے۔ پاکستان نے اپنے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کر دیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان رؤوف حسن نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں لکھا کہ ’ایران کی جانب سے پاکستانی حدود میں حملہ اشتعال انگیز اور جارحیت پر مبنی اقدام ہے۔ دفتر خارجہ کا ردعمل واضح طور پر معذرت خواہانہ ہے۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے