اہم خبریں متفرق خبریں

شاہ محمود قریشی کا ’انگریز اور رنجیت سنگھ‘ پر دعویٰ اور عمران خان کا ’صدرِ پاکستان‘

جنوری 28, 2024 2 min

شاہ محمود قریشی کا ’انگریز اور رنجیت سنگھ‘ پر دعویٰ اور عمران خان کا ’صدرِ پاکستان‘

Reading Time: 2 minutes

تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں سنیچر کو میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں یہ دلچسپ دعویٰ کیا ہے کہ ’میرے 125 سال پرانے گھر کی دہلیز انگریز اور رنجیت سنگھ نے بھی عبور نہیں کی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بانی پی ٹی آئی کے موقف کی تائید کر رہی ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کرپشن کی رقم سے بنائے گئے۔

’نہال ہاشمی اور جی ڈی اے کہتے ہیں پیپلز پارٹی سندھ میں انتخابات میں لوکل گورنمنٹ کے وسائل استعمال کر رہی ہے۔‘

شاہ محمود نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اندر واضح اختلاف سامنے آ رہا ہے۔ ’چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر سے اپیل ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر ہمارے مطالبہ پر غور کیا جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے گھر چھاپہ مار کر آٹھ لوگ گرفتار کیے گئے، بیٹی اور بیٹے کا الیکشن میٹیریل اٹھا کر گئے۔ ہمارے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے یہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، اپنی فریاد کہاں لے کر جائیں، کہاں سے انصاف ملے گا۔‘

سابق وزیر خارجہ کے مطابق ’جاوید ہاشمی کے گھر پر حملہ کرکے ہماری میٹنگ کو روکا گیا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو جلسوں کی کھلی اجازت دی گئی ہے۔ ’یہ کس قسم کا الیکشن ہے ایسے ماحول میں الیکشن کو قوم اور دنیا قبول نہیں کرے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ڈھونگ الیکشن کے ذریعے ملکی پیسے کا ضیاع، جمہوریت کا گلا گھونٹا اور آئین سے مذاق جاری ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ ’ہمارے بنیادی حقوق کو روندا جا رہا ہے۔‘

اُن کے ساتھ جیل کی عدالت میں موجود عمران خان نے کہا کہ بدترین کریک ڈاؤن کے باعث عوام کا آزادی سے رہنے کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے.

’ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ میرے وکلا الیکشن لڑ رہے ہیں اس لیے آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم کیس پوری طرح سے لڑیں گے اور پیر سے لیگل ٹیم آ جائے گی۔ جج، جیوری اور پراسیکیوشن سب ایک ہیں، یہ میچ فکس ہے۔‘

عمران خان کے مطابق ’نجم سیٹھی نے کہا کہ 5 فروری سے قبل فیصلہ اور مجھے سزا ہو جائے گی، نجم سیٹھی کو کہاں سے انفارمیشن ملی۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نجم سیٹھی جہاں سے انفارمیشن لیتا ہے سب کو پتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نجم سیٹھی کو طلب کرے اور اس حوالے سے پوچھے۔ ’میرا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل چل رہا ہے، نواز شریف کو ریلیف مل رہا ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے سب جھوٹ بول رہے ہیں۔‘

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’نواز شریف کی ایک ہی امید ہے کہ اسے ویگو ڈالہ الیکشن جتوائے، عوام نواز شریف کو نہیں جیتنے دیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ویگو ڈالے کا کمال ہے کہ اس نے سافٹ ویئر اپڈیٹ کر کے خیبر پختونخوا میں دو پارٹیاں بنا دیں۔‘

سابق وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ آپ تمام معاملات کے حل کے لیے صدر پاکستان سے بات کیون نہیں کرتے؟

پی ٹی آئی کے بانی نے جواب دیا کہ ’صدر پاکستان کی کون سنتا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے