الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرنس
Reading Time: < 1 minuteآرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ ’کسی کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
بدھ کو 262 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ’فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اپنے فرائض انجام دے گی۔‘
اس موقع پر فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ’ملکی خودمختاری، قومی عزت اور عوامی اُمنگوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر وائلنس پھیلانے کی اجازت نہ ہوگی۔
کورکمانڈر کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق انتخابات کے لیے آئین کے مطابق فوج ڈیوٹی دینے کو تیار ہوگی.
فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ’ملکی خودمختاری، قومی عزت اور عوامی اُمنگوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
کانفرنس نے غیرقانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیاز بشمول سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، طاقت کے غلط استعمال اور غیرقانونی شہریوں کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے زور دیا کہ اس نوعیت کے اقدامات اور اس کے معیشت اور لوگوں کی بہبود پر مثبت اثرات کو کسی تعطل کے بغیر جاری رکھا جائے۔
کانفرنس کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاری کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے فارمیشن کمانڈرز سے کہا کہ ’وہ تربیت، انتظامی امور اور جوانوں کے اعتماد کو بڑھانے پر توجہ دیں۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ملک میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور اہلکاروں کی قربانیوں کے علاوہ جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔