کراچی کی بارش نے مناظرے کے بجائے موازنہ کر دیا: شہباز شریف
Reading Time: 2 minutesپاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کے مناظرے کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی بارش نے موازنہ کر دیا۔
سنیچر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کراچی میں بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں کہا کہ ’اگر خدانخواستہ یہ حالت لاہور میں ہوتی تو بلاول سے کہتا کہ آئیں میرے حلقے سے الیکشن لڑ لیں، میں سیاست چھوڑ رہا ہوں۔‘
https://x.com/pakistan24tv/status/1754063433761501624?s=46&t=Ct9Uu8n9TNtGEdnnaih37A
انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ روز جو کراچی میں ہوا، ٹھاٹھیں مارتا سمندر جس میں بچے، بڑے اور خواتین جس طرح مشکلات کا شکار ہوئیں۔‘
بلاول بھٹو کا نام لیے بغیر شہباز شریف نے کہا کہ ’میرے مہربان، میں کہہ رہا تھا کہ موازنہ کر لیں۔ مناظرہ کر لیں میں کہہ رہا تھا کہ موازنہ کر لیں، کراچی میں موازنہ ہو گیا۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ ملک کے بچوں کا مستقبل الیکشن سے جڑا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں سیلاب آیا اور وفاق نے صوبوں میں 100 ارب روپے تقسیم کیے۔ ’میں 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کا وزیراعظم تھا، ہماری حکومت میں کرپشن کا انڈیکس کم ہوا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’چور چور اور ڈاکو کا ورد کر کے ملک میں بدتمیزی کا طوفان لایا گیا جس کو روکنا اب بہت مشکل ہو رہا ہے۔‘
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ترقی اور سیاسی استحکام آپس میں جڑے ہوئے ہیں، الزامات لگائے گئے۔ ’یہ سب پی ٹی آئی نے کیا اور کچھ قوتوں نے اُس میں اضافہ کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری حکومت کی کاکردگی قوم کے سامنے ہے، اب قوم فیصلہ کرے۔ کرپشن میں کمی کا کریڈٹ نواز شریف اور 13 جماعتوں کو جاتا ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن کے الزامات لگا کر چین کے ساتھ تعلقات کو بری طرح مجروح کرنے کی سازش کی گئی۔
’لاہور کی اورنج لائن کے بارے میں کھلی عدالت میں سماعت ہوئی اور 300 صفحات کی رپورٹ نے کسی کرپشن کی نشاندہی نہ کی۔’
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے اس منصوبے کو ثاقب نثار نے روکا، اس کا فائدہ عام لوگوں کو ہونا تھا، دو سال تاخیر کی گئی۔
’سنہ 2018 کے الیکشن سے قبل کیا کیا الزامات لگائے گئے، اس کے باوجود ہم جیت گئے تھے مگر رات کو ووٹ کو دوبارہ چرایا گیا۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سنہ 2013 میں جب ن لیگ کی حکومت بنی تو اس سے پہلے کی حکومت کی وجہ سے پاکستان کرپشن کے انڈیکس میں 139 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔