سسٹم چلانا ہے تو 9مئی کرانے والوں کو سزا دینا ہو گی: فوجی ترجمان
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی فوج کے ترجمان (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سسٹم چلانا ہے تو 9مئی کرنے والوں کو سزا دینا پڑے گی۔
منگل کو راولپنڈی کے فوجی ہیڈکوارٹر میں نیوز کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں پارلیمنٹ پر حملہ ہوا وہاں کسی نے جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نو مئی کرنے والوں کو سیاسی لیڈر شپ نے چن چن کر اہداف دیے۔
میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ’9 مئی صرف پاک فوج کا نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے۔ نو مئی کرنے اور کروانے والوں کو قانون کے مطابق سزا دینا پڑے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں۔ جھوٹا پراپیگنڈا کیا گیا کہ یہ فالس فلیگ آپریشن تھا۔ فوج اور ایجنسیوں کے خلاف ذہن سازی کی گئی۔‘
میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا دیا جائے۔ جوڈیشل کمیشن اس چیز پر بنتا ہے جس کے بارے میں کوئی ابہام ہو۔
’ہم جوڈیشل کمیشن کے لیے تیار ہیں، اگر بنانا ہے تو معاملے کی تہہ تک جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ایک ہی راستہ ہے کہ سیاسی انتشاری ٹولہ نو مئی واقعات پر صدق دل سے معافی مانگے.