احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے اٹارنی جنرل کی یقین دہانی،مزید چار دن کی مہلت
کشمیر سے تعلق رکھنے والے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اُن کو ڈھونڈ نکالا جائے گا۔
منگل کو مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس محسن کیانی نے اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ کیا وہ ریاست کی طرف سے ذمہ داری لے رہے ہیں؟
اٹارنی جنرل نے بتاتا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ لاپتہ شہری بازیاب کرا لیا جائے۔ تاہم انہوں نے اس کے لیے مزید چار دن کی مہلت طلب کی۔
عدالت کے طلب کیے جانے پر سیکریٹری داخلہ اور پولیس حکام پیش ہوئے تاہم سیکریٹری دفاع عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر جسٹس کیانی نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان اس عدالت میں پیش ہوسکتا ہے تو کوئی بھی عدالت پیش ہوسکتا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آئندہ سماعت پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ عدالت پیش ہوں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ریاست کے نمائندوں کو چاہیے کہ درخواست گزار کے سر پر ہاتھ رکھیں۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کی استدعا پر جمعے تک کا وقت دے دیا، عدالت نے کیس کی سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔

