ایف آئی اے سے 15 کروڑ لوٹنے والوں کو پولیس نے لوٹ لیا
Reading Time: < 1 minuteضلع راولپنڈی کے علاقے مندرہ میں پولیس اہلکاروں نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف ائی اے) کے مالخانے سے ملکی غیرملکی کرنسی لوٹ کر جانے والے ملزمان کو گرفتار کرتے وقت برآمد مال لوٹ لیا ہے۔
ملزمان سے برآمد رقم میں ہیر پھیر کرنے پر 9پولیس اہلکاروں اور عام شہری پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں ایس ایچ او، ایک اےے ایس آئی، 7کانسٹیبلز اور ایک عام شہری بطور ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔
مقدمہ ایف ائی اے کے ایس ایچ او اسفند یار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
31مئی کو ایف ائی اے کے مالخانے سے دو ملزمان نے تقریبا 15کروڑ مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی لوٹی، کرنسی اور دیگر اشیا لوٹ کر جانے والے ملزمان کو مندرہ پولیس نے ٹول پلازہ پر پکڑا تھا۔
مقدمے کے مطابق مندرہ پولیس نے ملزمان سے برآمد رقم میں ہیر پھیر کر کے صرف چار کروڑ 79 لاکھ روپے کی برآمدگی ظاہر کی۔
متن مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ مندرہ پولیس کی بددیانتی روزنامچے کی رپورٹ کے پھاڑنے سے بھی ظاہر ہے۔
مقدمے میں انسپکٹر یاسر اعوان، اے یس آئی عمران مظفر، کانسٹیبلز خضر حیات، مظفر شاہ، شاہد محمود، اسد محمود، عثمان اور مختار حسین بھی ملزم نامزد کیے گئے۔
مقدمے میں کانسٹیبلز محمد نعیم شہزاد اور ایک عام شہری کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔