جیپ دریائے نیلم میں گرنے سے 14 ہلاک، تین زخمی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دریائے نیلم میں مسافر جیپ گرنے سے 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کشمیر کی ریاستی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز سعید الرحمان قریشی کے مطابق مسافر جیپ وادی نیلم سے مظفرآباد آ رہی تھی جب یہ دیولیاں کے مقام پر دریا میں جا گری۔
سعید الرحمان قریشی کے مطابق جیپ میں موجود 15 میں سے 12 مسافرموقع پر ہلاک ہو گئے.
حادثے میں دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔ تاہم اس مقام پر گھاس کاٹنے میں مصروف ایک مقامی خاتون حادثے کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
حادثے میں کل تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں ڈارئیور سمیت 17 افراد سوار تھے جن میں سے چھ مرد، چار خواتین اور تین بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
سعید الرحمان قریشی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے تاہم حادثے کی وجوہات کا فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے اس حادثے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
9 جون کو وادی نیلم ہی میں کیل سے تاؤبٹ جانے والی ایک جیپ کریم آباد کے قریب دریائے نیلم میں جا گری تھی جس میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مقامی حکام نے بتایا تھا کہ جیپ میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔
گاڑی کی چھت سے چھلانگ لگانے والے ایک مسافر نے بتایا تھا کہ سڑک کی دیوار سرکنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔