اہم خبریں متفرق خبریں

ڈی ایچ اے کو اسلام آباد میں 10 ہزار کنال زمین، کابینہ نے منظوری دے دی

ستمبر 7, 2024 2 min

ڈی ایچ اے کو اسلام آباد میں 10 ہزار کنال زمین، کابینہ نے منظوری دے دی

Reading Time: 2 minutes

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) اب اسلام آباد میں بھی رہائشی سکیم کی مالک ہوگی کیونکہ وفاقی کابینہ نے وفاقی ترقیاتی اتھارٹی (سی ڈی اے) کی زمین پر کری ماڈل سوسائٹی تیار کرنے کے لیے ایک مشترکہ منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے چند روز قبل سی ڈی اے کی سمری کی منظوری دی تھی جس کے تحت اسلام آباد کے زون فور میں 10 ہزار کنال پر ہاؤسنگ سکیم تیار کرنے کے لیے سی ڈی اے اور ڈی ایچ اے کے درمیان مشترکہ منصوبے کی اجازت دی گئی۔

پلاٹ ڈی ایچ اے کی طرف سے تیار کیے جائیں گے اور زمین کی تقسیم کے فارمولے کے تحت دونوں اتھارٹیز مشترکہ مالک ہوں گی تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی جا رہی۔

ذرائع نے بتایا کہ سی ڈی اے کے پاس 55 فیصد اور ڈی ایچ اے کے پاس 45 فیصد پلاٹ ہوں گے۔

دونوں فریق جلد ہی باضابطہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔

رواں سال کے آغاز میں سی ڈی اے نے ایک اشتہار میں کہا تھا کہ وہ اس منصوبے کو پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تیار کرنا چاہتا ہے۔

جواب میں ڈی ایچ اے، بحریہ ٹاؤن، پارک ویو، فیصل ہلز، نیو سٹی پیراڈائز اور اے کے ڈی گروپ سمیت متعدد ڈویلپرز نے رواں سال فروری میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ تاہم درخواستیں موصول ہونے کے بعد سی ڈی اے نے کارروائی کی رفتار سست کر دی۔ اور دعوی کیا کہ "صرف ایک ڈویلپر معیار کے ساتھ بولی میں سامنے آیا”۔

وفاقی اتھارٹی نے صرف ڈی ایچ اے کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے جانے کا فیصلہ کیا۔ سی ڈی اے بورڈ نے گزشتہ ہفتے ایک سمری کی منظوری دی اور اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

سی ڈی اے کے ایک افسر نے بتایا، "جی ہاں، ہماری سمری کو کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظور کر لیا ہے اور جلد ہی ہم ڈی ایچ اے کے ساتھ معاہدے پر جائیں گے۔”

اُن کے مطابق یہ پراجیکٹ ہمارے لیے فائدہ مند ہے کیونکہ ہمیں بغیر کسی سرمایہ کاری کے ہزاروں پلاٹ ملتے ہیں،”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس زمین پر یہ منصوبہ تیار کیا جا رہا تھا وہ کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے میں تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی ڈی ایچ اے نے 2,412 کنال اراضی سی ڈی اے سے لی تھی اور معاہدوں کے مطابق ان کے بدلے سی ڈی اے کو 729 پلاٹ دیے جانے تھے جو آج تک نہیں دیے گئے۔

دونوں اداروں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت سی ڈی اے کو 729 پلاٹ ملنے تھے۔ لیکن یہ ابھی تک منظور شدہ پلاٹوں کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

تاہم اب سی ڈی اے حکام نے دعویٰ کیا کہ کُری ہاؤسنگ سکیم کے نئے معاہدے کے تحت ڈی ایچ اے پچھلے 729 پلاٹ بھی سی ڈی اے کو دے گا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے