ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی صدر کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے صدر شی جن پنگ کو آئندہ ماہ اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق واشنگٹن میں 20 جنوری کو منعقد ہونے والی تقریب کا دعوت نامہ نومبر کے اوائل میں بھیجا گیا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اسے قبول کیا گیا یا نہیں۔
واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو این بی سی نیوز کو انٹرویو میں کہا تھا کہ اُن کے شی جن پنگ کے ساتھ ’اچھا تعلق بن گیا ہے‘ اور یہ کہ ان کا حال ہی میں رواں ہفتے رابطہ ہوا ہے۔
واشنگٹن کے سب سے بڑے سیاسی حریف چین کے رہنما کے لیے امریکی صدارتی تقریب میں شرکت کرنا مثالی ہوگا۔
ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ میں اہم عہدوں پر متعدد چائنا ہاکس کو نامزد کیا ہے جن میں سینیٹر مارکو روبیو بطور وزیر خارجہ شامل ہیں۔
نو منتخب صدر نے کہا ہے کہ جب تک بیجنگ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات نہیں کرتا وہ چینی اشیاء پر اضافی 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ ٹیرف اس وقت تک عائد رہیں گے جب تک ہمارے ملک پر منشیات، بالخصوص فینٹینل اور غیر قانونی تارکین وطن کی یلغار نہی رُکتی۔‘
یاد رہے کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران چینی اشیاء پر 60 فیصد سے زیادہ ٹیرف کی دھمکی بھی دی تھی۔
امریکہ فینٹنائل (ہیروئن سے زیادہ نشہ آور دوا) کی سمگلنگ کا ذمہ دار چین کو ٹھہراتا ہے۔
فینٹینل ایک مہلک مصنوعی افیون اور کوکین کے خواص پر مشتمل جزو ہے جو ہیروئن سے 50 گنا زیادہ طاقتور ہے۔ امریکہ میں اس کے استعمال کے بعد بہت سے افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

