گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز
Reading Time: < 1 minuteبلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے اور جمعے کو پہلی پرواز 39 مسافروں کو لے کر گوادر سے مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے بتایا کہ جمعے کی صبح پی آئی اے کی پرواز پی کے 197 گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عمان کے دارالحکومت مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔
ترجمان کے مطابق گوادر اور مسقط کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر اس روٹ پر چھوٹا اے ٹی آر طیارہ چلے گا جس میں 48 مسافروں کی گنجائش ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق جمعے سے گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ مرحلہ وار یہاں پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
نئے تعمیر ہونے والے ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، ایف آئی اے، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے عملے کو پہلے ہی تعینات کیا جا چکا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت 30 دسمبر کو گوادر ایئرپورٹ سے متعلق خصوصی اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ اگلے مرحلے میں گوادر اور کراچی کے درمیان بھی ہفتہ وار تین پروازیں شروع کی جائیں گی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ گوادر سے اندرون ملک پروازیں شروع کرنے کے لیے ملک کی نجی ایئرلائنز کے علاوہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے چین، عمان اور متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔