اڈیالہ جیل میں کون سے چھ رہنماؤں کو عمران خان سے ملنے کی اجازت نہ ملی؟
Reading Time: < 1 minuteراولپنڈی کی اڈیالہ جیل عمران خان سے ملاقات کے لیے پارٹی کے چھ رہنما پہنچے تاہم کسی کو بھی ملنے کی اجازت نہ دی گئی۔
عادل بازئی، داود کاکڑ، مصدق عباسی، مزمل اسلم، تیمور جھگڑا اور شاہد خٹک اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر مزمل اسلم نے کہا کہ قانونی طور پر جمعرات قیدیوں سے ملنے کا دن ہے تاہم یہاں آئین و قانون کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔
خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ دن دو بجے اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے۔ ہم چھ لوگ ملاقات کے لیے آئے جن میں تین ٹیکنو کریٹ ہیں۔
اس سے قبل بھی ملاقاتوں کے لیے آتے رہے ہیں صرف انتظار کرواتے ہیں۔
جیل کے داخلی گیٹ کا عملہ بار بار کسی سے اجازت مانگ رہا تھا۔ ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے کہا کہ عمران خان سے مختلف امور پر مشاورت ہونا تھی، ہمیں جیل عملے کی جانب سے بار بار یہی کہا جاتا رہا کہ بتاتے ہیں۔
وہاں ماسک میں مشکوک افراد کھڑے ہیں، وہ ان سے ہدایات لے رہے ہیں۔ کچھ نامعلوم ٹیلی فون کالز آتی ہیں،جب تک ان کو اوپر سے کلیئرنس نہ ہو تب تک وہ ملنے نہیں دیتے۔
جیل سپرنٹینڈنٹ کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق لاؤں گا،قومی اسمبلی بلا کر پوچھیں گے کس حیثیت سے ہمیں روکا۔ ایم این اے کا استحقاق ہے کہ وہ ملک کی کسی بھی جیل کا دورہ کر سکتا ہے۔