صدر ٹرمپ ’مین آف پیس‘، دل کی گہرائیوں سے اُن کے شکرگزار: پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’مین آف پیس‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انڈیا سے جنگ بندی کرانے پر دل کی گہرائیوں سے اُن کے شکرگزار ہیں۔
پیر کی رات وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکیارڈ کراچی میں نیوی کے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ ’جنگ بندی اس لیے ہوئی کیونکہ دشمن مزید پٹنے اور رسوا ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری بحری طاقت کا کوئی بال بیکا نہ کر سکا۔ پہلے بھی ناقابل تسخیر تھا اور اب فوج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔‘
پاکستانی وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’مین آف پیس‘ قرار دیا اور کہا کہ ’انہوں نے صدق دل سے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دل کی گہرائیوں سے اُن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اس بحران کے دوران ہماری بندرگاہیں مکمل طور پر فعال رہیں جبکہ انڈین کے ساحل پر تجارتی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔ ہماری شارک نے انڈیا کی وہیل کو مار بھگایا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’ہماری بحریہ مکمل طور پر تیار تھی، بحری ہتھیار اپنی پوزیشن پر نصب کر دیے گئے تھے۔ انڈیا کا کیریئر وکرانت 400 میل سے آںے کی ہمت نہ کر سکا۔ دشمن یہ سبق قیامت تک یاد رکھے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیوی نے گزشتہ 15 برسوں میں غیرمعممولی ترقی کی ہے۔
’دشمن اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ پاکستان نیوی نے خیلج فارس اور بحیرہ عرب میں طاقت کا توازن بدل کر رکھ دیا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم امن پسند قوم اور تمام تصفیہ طلب مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتے ہیں مگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو جواب دینا جانتے ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’برادر اور دوست ملکوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔ ترک صد طیب اردوغان، سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات کے سربراہ، قطر کے امیر، آذربائیجان کے صدر، اور دیرینہ دوست چین کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘