پاکستان

پاکستان میں شدید گرمی یا ہیٹ ویو کب تک رہے گی؟

مئی 20, 2025

پاکستان میں شدید گرمی یا ہیٹ ویو کب تک رہے گی؟

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرم موسم یا ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمے کے مطابق سندھ کے متعدد اضلاع، صوبہ پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقے شدید گرم موسم کی لپیٹ میں ہیں۔

پنجاب میں درجہ حرارت کے غیر معمولی اضافے اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 20 سے 24 مئی کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق محکمہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور ریسکیو سمیت تمام اداروں کو الرٹ جاری کیا جا چکا ہے تاکہ ممکنہ ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی ہیٹ ویو کے اثرات نظر آئیں گے۔

صوبہ پختونخوا میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 24 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق شدید گرم موسم کے باعث دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 سے 24 مئی کے دوران جنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے مراسلے کے مطابق گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے۔

عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور جانوروں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ہیلتھ/میڈیکل سروسز، پیرا میڈیکس اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ اور ہیٹ اسٹروک سینٹر کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

عوام سفر سے پہلے اپنی گاڑی کے انجن میں پانی اور ٹائروں میں پریشر چیک کریں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے