ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر، الٹنے والے طیارے کی مالک ڈیلٹا ایئرلائن
امریکہ کی ڈیلٹا ایئر لائن نے رواں ہفتے ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ اقدام کسی قسم کی شرط پر مبنی نہیں اور اس سے مسافروں کے دیگرحقوق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
پیر کی شام ڈیلٹا ایئر لائنز کا ایک طیارہ جو امریکی شہر منیسوٹا سے روانہ ہوا تھا، ٹورنٹو کے ایئرپورٹ پر رن وے سے ٹکرا کر الٹ گیا تھا.
اترتے ہوئے آگ اور دھوئیں نے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاہم رن وے پر الٹنے کے باوجود جہاز میں موجود 80 مسافر محفوظ رہے تھے۔
ڈیلٹا ایئر لائن نے کہا ہے کہ حادثے میں 21 مسافر زخمی ہو گئے تھے، تاہم صرف ایک کو ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔
پیرامیڈک سروسز نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے ان مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جنہیں چوٹ یا شاک کا سامنا تھا۔
یہ حادثہ پڑوسی ملک امریکہ میں پیش آنے والے ان حادثات کے کچھ ہی عرصے بعد ہواا، جن میں پرواز کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کی ٹکر میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اسی طرح فلاڈیلفیا میں بھی طبی ٹیم کا ایک جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کینیڈا کی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے، جس میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن، ڈیلٹا اور مٹسوبشی بھی معاونت کر رہی ہے۔
اتوار کو کینیڈا کے مشرقی حصے میں شدید برف باری کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔

