پاکستان اللہ کا انمول تحفہ، بلاوجہ تنقید کے بجائے توجہ کارکردگی پر رکھیں: جنرل عاصم منیر
پاکستان کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ جب ریاست دہشت گردی کے پیچھے موجود غیرقانونی سپیکٹرم والے مخصوص عناصر پر ہاتھ ڈالتی ہے تو یہ جھوٹے بیانیے پھیلاتے ہیں۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹر سے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق سپہ سالار نے بہاولپور میں طلبہ سے خطاب کیا۔
بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیرقانونی سپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔‘
آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ ’پاکستان اللہ کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے جس کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔‘
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدے، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کی بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ ’جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی، اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔‘

