روہت شرما کو موٹا کہنے پر انڈین کانگریس کی ترجمان شما محمد مشکل میں، پوسٹ ڈیلیٹ
آل انڈیا کانگریس کی ترجمان شما محمد کو کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی فٹنس پر تنقید مہنگی پڑی ہے اور انہوں نے اپنے تبصرے حذف کر دیے ہیں تاہم معافی نہیں مانگی۔
پارٹی کی ہائی کمان نے سوشل میڈیا پر تبصرے سے پیدا ہونے والی اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے دوڑ لگائی اور ان کو اپنا تبصرہ ہٹانا پڑا۔
پارٹی کی ہدایت پر انہوں نے اپنی آن لائن پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا جس میں روہت شرما کو ایک ’موٹا اسپورٹس پرسن‘ قرار دیا گیا اور دوسری تمام پوسٹس جن میں انہوں نے اپنا دفاع کیا تھا وہ بھی حذف کر دیں۔ تاہم انہوں نے ابھی تک معافی نہیں مانگی ہے۔
شما محمد کی روہت شرما پر تنقیدی پوسٹ گزشتہ کل کے انڈیا بمقابلہ نیوزی لینڈ کے میچ کے دوران کی گئی تھی۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’روہت شرما ایک اسپورٹس مین کے طور پر بہت موٹے ہیں! وزن کم کرنے کی ضرورت ہے! اور یقیناً وہ انڈیا کا سب سے زیادہ متاثر کن کپتان رہا ہے۔‘
بی جے پی اور دیگر کی جانب سے شدید تنقید کے بعد کانگریس کی قیادت نے ان سے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے لیے کہا.
شما محمد نے اپنے تبصرے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک عام سی بات تھی اور وہ یہ ’سمجھنے میں ناکام ہیں کہ جمہوریت میں ہمیں بولنے کا حق کیوں نہیں۔‘
اُن کی وضاعت کے باجود پارٹی نے مؤقف کو تسلیم نہ کیا اور ناکافی قرار دیتے ہوئے ان سے پوسٹ ہٹانے کے لیے کہا اور وہ اس پر راضی ہو گئیں۔

