نئے مالی سال کے آغاز پر پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کی نئی لہر
پاکستان میں آج سے نئے مالی سال کا آغاز ہو گیا ہے اور بجٹ میں مہنگی ہونے والی دیگر اشیا کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں میں بھی 15روزہ فارمولے کے تحت بڑھا دی گئی ہیں۔
پاکستان میں پیر کی رات ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے اور پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لٹر اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے جبکہ ڈیزل 272 روپے 98 پیسے فی لٹر ہوگئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کردیا گیا۔
پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں یکم سے 15جولائی تک بر قرار رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق پٹرول اور ڈیزل پر ڈھائی روپے فی لٹر کاربن لیوی عائد کی گئی ہے۔ اس کا اعلان نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کیا گیا تھا۔
یاد رہے حکومت نے 15جون کو بھی پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 80 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے فی لٹر اضافہ کیا تھا۔

