روس کے لیے یوکرین سے لڑنے والے 51 انڈین شہری ہلاک ہو چکے: نئی دہلی
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا ہے کہ روس کے لیے یوکرین سے لڑنے والے 51 انڈین شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق کرغزستان کے دار الحکومت بشکیک میں وکرم مصری سے اُن انڈین شہریوں کے بارے میں سوال پوچھا گیا جو روسی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وکرم مصری نے جواب دیا کہ روسی مسلح افواج میں انڈین شہریوں کی بھرتی کا معاملہ انڈیا اور روس کے درمیان مختلف سطح پر متعدد بار زیرِ بحث آ چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ماسکو میں انڈیا کا سفارتخانہ روسی فوج میں شامل انڈین شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا: ’ہمارے پاس دستیاب معلومات کے مطابق 227 انڈین شہریوں کے روسی فوج میں بھرتی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان میں سے 139 شہریوں کو فوجی خدمات سے فارغ کیا جا چکا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’افسوسناک طور پر اب تک 51 انڈین شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔‘

