بلوچستان میں بس پر فائرنگ، کراچی کی قوال پارٹی کے پانچ ارکان ہلاک
بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی جبکہ چھ زخمی ہیں۔
قلات پولیس کنٹرول کے مطابق ’یہ واقعہ قلات کے علاقے نیمرغ کراس کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بدھ کی شام کو تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ’مسافر بس میں قوال اور فنکار سوار تھے جو ایک تقریب میں شرکت کے لیے کوئٹہ جا رہے تھے۔‘
پولیس کے مطابق نامعلوم شدت پسندوں نے بس پر اندھا دھند فائر کھولا جس سے بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک سے اُتر کر باغ میں جا گُھسی۔
فائرنگ کی زد میں آکر تین مسافر موقعے پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس، سکیورٹی اداروں کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
زخمیوں اور لاشوں کو سول ہسپتال قلات منتقل کردیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں ایک ہفتے کے دوران مسافروں کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 10جولائی کو ژوب کے علاقے سرہ ڈاکئی کے مقام پر لورالائی ڈیرہ غازی خان این 70 شاہراہ پر مسلح شدت پسندوں نے دو بسوں سے 9 مسافروں کو اُتار کر قتل کر دیا تھا جن کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔
ایس پی قلات شہزاد اکبر نے بتایا کہ مقتولین اور زخمیوں میں بیشتر کا تعلق کراچی سے ہے جو قوالی اور موسیقی کے شعبے سے وابستہ تھے اور ایک تقریب کے لیے کوئٹہ جا رہے تھے۔

