پاکستان

’صرف گولی کی اجازت ہے‘، بلوچستان میں فائرنگ کا ایک مبینہ ملزم گرفتار

جولائی 20, 2025

’صرف گولی کی اجازت ہے‘، بلوچستان میں فائرنگ کا ایک مبینہ ملزم گرفتار

بلوچستان میں ایک خاتون اور اس کے ساتھی کو قتل کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کے سوشل میڈیا پر اس وقت لاکھوں کی تعداد میں صارفین ’سم ائنا اجازت اے نمے پین ہچ اف‘ یعنی ’صرف گولی کی اجازت ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔‘ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

اتوار کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان میں قتل کی جانے والی ایک خاتون اور مرد کے قاتلوں تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ مقتولین کی شناخت بھی ہو چکی ہے۔‘

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر واقعہ سے متعلق بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عید سے چند روز قبل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو حال ہی میں منظرعام پر آئی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس گھناؤنے جرم پر پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی جس پر ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا اور لڑکی کے قتل میں ملوث ایک مشتبہ قاتل کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔‘

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’اس وحشیانہ واقعے پر قانون اپنا راستہ لے گا۔‘

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کیس کو مکمل سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جا سکے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے