کراچی میں تاجروں پر رینجرز کے تشدد کی انکوائری ہوگی، چیئرمین ایف بی آر سینیٹ کمیٹی میں
سینیٹ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کے اجلاس میں سینیٹر عمر گارگیج کی تحریک استحقاق پر غور کیا گیا۔
کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین سیینیٹر وقار مہدی نے کی۔
اجلاس کو تحریک استحقاق لانے والے رکن نے بتایا کہ ہم عوام کے نمائندے ہیں، مجھے ایف بی آر میں عوامی نوعیت کے کام کے لیے رابطہ کرنا پڑا۔ اس کام کے لئے مجھے ایف بی آر کے دفتر کے متعدد چکر لگانے پڑے۔ میرے حلقے کے ایک افسر کی ٹرانسفر کا معاملہ تھا۔
چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو بتایا کہ اُن کو ہاؤس اور سینیٹر صاحب کا مکمل احترام ہے، گذشتہ دنوں چند افسران کی ٹرانسفرز کرنی پڑیں۔
چیئرمین مین ایف بی آر کے بتایا کہ یہ عام تاثر ہے کہ ٹرانسفر سفارش سے ہی ہوتا ہے لیکن قانون میں سفارش کرنا یا کروانا مس کنڈکٹ میں آتا ہے، میرا مقصد اس قانون کی طرف اشارہ کرنا تھا۔
سینیٹر علی جیسرا نے کہا کہ ایف بی ار نے اج تک اپنے ٹارگٹ پورے نہیں کیے، یہ تو کمیٹی کو دھمکانے کے مترادف ہے کہ کوئی شخص عوامی نمایندوں تک ہی نہ پہنچے۔ اگر ایک چھوٹے گریڈ کے افسر کا دوسرے صوبے میں تبادلہ کرنا ہے تو اسے صاف کہہ دیں کہ وہ نوکری چھوڑ دے۔
علی جیسرا نے کہا کہ ہم چئیرمین ایف بی آر کی اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتے، یہ کوئی ایسی سفارش نہیں تھی جس میں پیسہ وغیرہ مل رہا تھا
کیس پر اگر نظر ثانی کر لیں، کچھ صوابدیدی اختیار استعمال کر لیں، کسی نائب قاصد کو دوسرے صوبے میں بھیجیں گے تو وہ کیسے زندہ رہے گا۔
کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس 35 چالیس ہزار تنخواہ لینے والے کا دوسرے صوبے میں شفٹ ہونا ناممکن ہے، آپ اگر اس کیس کو دیکھ لیں۔
چیئرمین مین ایف بی آر نے بتایا کہ ہم نے ہارڈشپ کمیٹی بنائی ہوئی ہے، متاثرہ شخص کو صرف ایک ای میل کرنی ہے، ہم سب کے کیس ری ویو کر لیتے ہیں۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ اگر کوئی کرپٹ ہے تو ہم اس کی سفارش نہیں کریں گے لیکن کرپٹ کو کسی دوسری جگہ بھیجنا تو مسئلے کا حل نہیں، ہم بھی کسی کو اس کی پسند کی جگہ پر رکھنے کی بات نہیں کرتے لیکن کسی غریب کو نوکری چھوڑنے کی نوبت تک نہ لے جائیں۔
کمیٹی کے چیئرمین نے ایف بی آر کے چیئرمین سے کہا کہ آپ قانون کی بات کرتے ہیں، کراچی بولٹن مارکیٹ میں رینجرز نے تاجروں کو مارا پیٹا اور رات تین بجے دکانیں کھلوا کر سامان نکلوایا، یہ کون سا قانون ہے؟
ایف بی آر کے چیئرمین نے کہا کہ میں اس کی انکوائری کروں گا۔
کمیٹی نے واقعے کی انکوائری کر کے رپورٹ کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔

